چیف جسٹس سے اعظم سواتی پر تشدد کا نوٹس لیں: لانگ مارچ میں عمران خان کا مطالبہ

  • ہفتہ 29 / اکتوبر / 2022

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اعظم سواتی پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوران حراست تشدد کے خلاف ساری دنیا میں ایکشن لیا جاتا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر آپ نہیں تو کون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گا۔ شاہدرہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں 70 سال کی عمر میں سڑکوں پر کیوں نکلا ہوا ہوں۔ مجھے کس چیز کی کمی ہے۔ میں اسلام آباد کا سفر صرف ایک وجہ سے کررہا ہوں کیونکہ آپ میرے بچوں کی طرح ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ کی تربیت ہو اور پتا چلے کہ آزادی کیا ہوتی ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔ قوم آپ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آرمی چیف نے بلاول بھٹو کے کہنے پر کراچی کا سیکٹر انچارج تبدیل کیا، اسلام آباد میں ’2 لوگوں‘ کے آنے کے بعد سے ظلم ہورہا ہے۔ آرمی چیف کو ’ان دونوں‘ کو بھی ہٹانا چاہیے۔

شاہدرہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کے دوران عمران خان نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ دونوں‘ آپ کی، فوج کی اور پاکستان کی بدنامی کررہے ہیں، آپ کو ان کی تحقیقات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب آپ کو بھی کہہ رہا ہوں کہ اعظم سواتی کی اپیل پر ایکشن لیں، جنرل باجوہ صاحب کو پھر کہتا ہوں کہ ’ان دونوں‘ کی تحقیقات کریں اور ان کا ٹرانسفر کریں۔