لانگ مارچ کامونکی سے روانہ، اسلام آباد کے ریڈ زون میں توسیع
پاکستان کی وزارتِ داخلہ نے تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد کے ریڈ زون میں توسیع کر دی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے ایک نقشہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ریڈ زون کا دائرہ اب زیرو پوائنٹ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ حکام نے ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے جلسہ جلوس کرنے اور داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'امپورٹڈ حکومت' کو خوش کرنے کے لیے فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں ان کا نام لیا گیا۔ اس لیے وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف 10 ارب روپے کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گے۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میری دیانت داری پر سوال اٹھایا۔ الیکشن کمشنر کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا اور ہرجانے کے پیسے نکلوا کر اسپتال میں جمع کراؤں گا۔
چیئرمین تحریکِ انصاف نے حکومت اور اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ان چوروں کو ڈرائی کلین کر کے ہم پر دوبارہ مسلط کر دیا ہے، پاکستانی قوم بھیڑ، بکریاں، گائے نہیں ہم انسان ہیں، خدا کے لیے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھو۔ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں۔ آپ ان چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں اور جو ان کے ساتھ کھڑا ہوگا، انہی کے ساتھ رنگا جائے گا۔ ادارے تب مضبوط ہوتے ہیں جب قوم ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ کامونکی سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کامونکی سے موڑ ایمن آباد اور پھر گوجرانوالہ جائے گا۔ عمران خان سمیت پارٹی کے مرکزی رہنما خصوصی کنٹینر پر موجود ہیں جب کہ کارکنوں کی بڑی تعداد گاڑیوں میں سوار ہیں۔
تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سارے پاکستان سے آنے والے قافلوں کی تیاری کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وہ آج پشاور، کل راولپنڈی اور پرسوں فیصل آباد جا رہے ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں 'حقیقی آزادی مارچ' آج گوجرانوالہ پہنچے گا۔