کسانوں کو 18 سو ارب روپے کے قرضہ جات دیے جائیں گے: شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کو 18 سو ارب روپے کے قرضہ جات دیے جائیں گے۔ یہ رقم پچھلے سال کے مقابلے میں 400 ارب روپے زیادہ ہے۔
اسلام آباد میں کسان پیکیج کے حوالے سے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں تباہی مچائی، 40 لاکھ ایکٹر پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، سندھ میں کھجور کا نام و نشان مٹ گیا، کپاس اور چاولوں کی فصلوں کو نقصان ہوا، اسی طرح گنے کی فصل کا بھی نقصان ہوا۔ پاکستان کی معیشت کو اگر کوئی چیز آگے بڑھا سکتی ہے تو ہماری زرعی معیشت ہے۔ زراعت ایسا شعبہ ہے جو 6 مہینے میں اپنی معیشت کو بالکل ٹرانسفارم کرسکتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو 88 ارب روپے کی نقد اور اشیا کی شکل میں امداد تقسیم کی ہے۔ وفاق نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 70 ارب روپے اور 18 ارب روپے این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی ہے، جس میں کمبل، خوارک وغیرہ شامل ہیں۔ اب کسانوں کو 18 سو ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے۔ اس رقم میں پچھلے سال کے مقابلے میں 400 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ قرضے پوری طرح کسانوں کو مہیا کیے جائیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جو چھوٹے کسانوں پر جو قرضے تھے، ان پر شرح سود کو معاف کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے 10 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔