وزیر اعظم شہباز شریف کی عمران خان پر حملے کی مذمت

  • جمعرات 03 / نومبر / 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور فائرنگ کے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔  انہوں نے وزیر داخلہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ نامعلوم شخص کنٹینر کے نیچے تھا جس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ فائرنگ سے 9 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

عمران خان کا مارچ ایک سڑک سے گزر رہا تھا کہ گلی سے ایک شخص نکلا اور کنٹینر کے قریب آکر فائرنگ کردی۔ موقع پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فورا نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔  کنٹینر سے بھی اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔