بنجمن نیتن یاہو ایک بار پھر اسرائیل کے وزیراعظم بن گئے

  • جمعہ 04 / نومبر / 2022

اسرائیل میں دو روز قبل ہونے والے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بنجمن نیتن یاہو ایک بار پھر اقتدار میں واپس آگئے ہیں۔

اسرائیل کے انتخابی کمیشن کی جانب سے جاری نتائج میں بتایا گیا کہ 99 فیصد ووٹوں کی گنتی کے ساتھ بنجمن نیتن یاہو اور ان کے انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔ نتائج کے مطابق نیتن یاہو کی لیکود پارٹی کی 32، الٹرا آرتھوڈوکس پارٹی کی 18 اور انتہائی دائیں بازو کے اتحاد کی 14 نشستوں کے ساتھ نیتن یاہو اور ان کے اتحادی 64 نشستوں پر کامیاب ہوئے جبکہ نگراں وزیر اعظم یائر لاپد نے 51 نشستیں حاصل کیں۔

کمیشن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو 9 نومبر (بدھ) کو حتمی نتائج دیے جائیں گے۔ یائر لاپد نے اپنے حریف بنجمن نیتن کو مبارک دی اور اپنے پورے دفتر کو اقتدار کی منظم منتقلی کی تیاری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

الیکٹورل کمیشن کے نتائج میں بتایا گیا کہ بائیں بازو کی چھوٹی جماعت میرٹز کم از کم 4 نشستیں حاصل کرنے کے لیے درکار 3.25 فیصد نشستوں کی حد مکمل نہ کرسکی اور اسرائیلی پارلیمنٹ سے باہر ہوگئی