ایک شخص انتشار پھیلانے کیلیے ہرلائن عبور کررہا ہے: آصف زرداری

  • ہفتہ 05 / نومبر / 2022

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہرلائن عبور کررہا ہے۔

ملکی اداروں کے خلاف سخت بیانات کی مذمت کرتے ہوئے آصف علی  زرداری نے کہا کہ ہم پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی بھلا نہیں سکتے۔ ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں ہی سے حملہ کروایا ہے۔  1947  سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے مل کر دشمن کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ اداروں کی بقا ہی سے ملک کی بقا ہے اور ہم کسی بھی صورت ان پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا نام لیے بغیر آصف زرداری نے کہا کہ اس شخص کو صرف اقتدار، اقتدار اور اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ اس شخص کو ملک کی سالمیت کی فکر ہے نہ ملک کے اداروں کی۔ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہر لائن عبور کر رہا ہے۔