اعلیٰ افسر کے خلاف عمران خان کے الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں: آئی ایس پی آر
پاک فوج نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ادارے اور خاص طور پر ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات قطعی طور پر ناقابل قبول اور غیر ضروری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل ہونے پر فخر کرتی ہے۔ اگر کوئی غیر قانونی کام کرتا ہے تو اس کا مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام موجود ہے جو ہر وردی پہننے والے پر لاگو ہوتا ہے۔ تاہم اگر مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے فضول الزامات لگا کر افسران اور سپاہیوں کی عزت، حفاظت اور وقار کو داغدار کیا جاتا ہے تو کچھ بھی ہوجائے، ادارہ اپنے افسران اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔ ادارے اور افسران کے خلاف بے بنیاد الزامات انتہائی افسوس ناک اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے پر تحقیقات کرے اور جو لوگ ادارے اور اس کے افسران کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور بدنامی کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما وزیر اسد عمر نے فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے بیان پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ آئی ایس پی آر نے عمران خان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں کی۔ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اداروں کی مضبوط کرنے کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
افراد پر تنقید کو ہرگز اداروں پر تنقید کا رنگ نہ دیا جائے۔ اسد عمر نے فوج کے ترجمان سے پوچھا کہ اگر اداروں کا کوئی شخص غلط کام نہیں کرتا تو پھر کورٹ مارشل کیوں کیے جاتے ہیں؟ ماضی میں تو افسران تک کا کورٹ مارشل کیا گیا۔ ان کے بقول اگر اداروں کے افراد ایسے کام کرتے ہیں جسن سے کورٹ مارشل کے حق دار ٹھہرتے ہیں تو انفرادی حیثیت میں ان پر تنقید کیوں ممکن نہیں؟
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ افراد پر تنقید کو اداروں پر تنقید کا رنگ دینے کی ہر کوشش کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کے اہلکاروں کی جانب سے قومی دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے پر ادارہ محبت و احترام کا حق دار ہے۔ لیکن ضروری نہیں کہ ادارے کا ہر شخص اسی احترام و محبت کا حق دار ہو۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان انتشار پھیلا رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ کراچی میں ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف کبھی کارروائی نہیں کی گئی۔ وہ اداروں کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ جو بھی ان کے سہولت کار ہیں ان کو بھی سامنے لایا جائے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنایا جائے جو عمران خان کا معائنہ کرے کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ غیر جمہوری زبان ہیں۔ وہ اداروں کے افسران پر بھی تنقید کر رہے ہیں۔