اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کے لئے 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

  • اتوار 06 / نومبر / 2022

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

صادق سنجرانی نے اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے جس سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت ہیں، ان کو کوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی تھی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ تمام سینیٹرز بلا تفریق قابل احترام اور خاندان کے مانند ہیں۔ سینیٹراعظم سواتی میرے خاندان کے رکن کی طرح ہیں جو بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بطورمسلمان وبلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت رکن ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے۔ وہ اور ان کی اہلیہ تہجد گزار ہیں اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔ اعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں، ان کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔ سینیٹراعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے۔

کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی اور ایوان میں پیش کرے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اعظم سواتی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بیوی کو ایک ذاتی ویڈیو موصول ہوئی جس میں وہ اور ان کی بیوی ہیں اور یہ ویڈیو اس وقت بنائی گئی جب وہ کوئٹہ گئے تھے اور سپریم کورٹ کے جج کے جوڈیشل لاجز میں قیام کیا تھا۔