منگل سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان
سابق وزیراعظم عمران خان نے منگل سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مارچ وزیرآباد میں وہیں سے مارچ شروع ہوگا جہاں قاتلانہ حملہ کی وجہ سے اسے معطل کیا گیا تھا۔
'لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ دوبارہ مارچ شروع کررہے ہیں، یہاں پنجاب سے شاہ محمود قریشی قیادت کریں گے اور کے پی سے پرویز خٹک مارچ کی قیادت کریں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ منگل سے دوبارہ وزیرآباد سے مارچ شروع ہوگا اور میں یہاں سے ہر روز مارچ کے شرکا سے خطاب کروں گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ اگلے 10 سے 14 روز کے دوران راولپنڈی پہنچےگا جہاں میں مارچ کو جوائن کروں گا اور وہاں سے مارچ کی قیادت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم خواب کا نام ہے اور آج کل پاکستان میں جس طرح کی حرکتیں ہو رہی ہیں، انہی حرکتوں نے ہماری صلاحیت کو ختم کردیا ہے۔ اور ہم دنیا میں بھکاریوں کی طرح پھررہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کے پیچھے ہونے کی وجہ یہ نہیں ہے کہ یہاں وسائل نہیں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے۔ کسی انسان سے ڈر کر اپنی آزادی پر سمجھوتہ کرنا میری نظر میں شرک ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو اپنا خوف ختم کرنا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ ہم انسان ہیں، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ میں ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں، میں ملک کا سابق وزیر اعظم ہوں لیکن میرے اوپر حملے کی ایف آئی آر اب تک درج نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ جب میرے ساتھ یہ ہو رہا ہے تو عام آدمی کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا۔ میرے اوپر ہونے والے حملے کی اب تک ایف آئی آر اس لیے درج نہیں ہوسکی کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ ہم وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف تو ایف آئی آر کاٹ سکتے ہیں لیکن فوجی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کرسکتے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ کون اس میں ملوث ہے اور میرا حق ہے کہ میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کراؤں۔