پاکستان، بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ نیدرلینڈز سے جنوبی افریقہ کی غیر معمولی شکست کے بعد کوارٹر فائنل کی شکل اختیار کرگیا تھا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد رضوان نے 32 گیندوں پر 32 اور مڈل آرڈر بلے باز محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ شان مسعود 25 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان بابر اعظم 24، محمد نواز 4 اور افتخار احمد ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح پاکستان نے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 11 گیندیں قبل ہی 128 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نسیم احمد، شکیب الحسن، مستفیض الرحمٰن، عبادت حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اس اہم میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ بھارت اس سے قبل گروپ سے سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا۔
اس سے قبل ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں براہ راست پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نیدرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 145 رنز بنا سکی اور اسے 13 رنز سے شکست ہوئی۔