مارچ جمعرات سے شروع ہو گا، راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب توسیع نہیں ہوگی: فواد چوہدری

  • بدھ 09 / نومبر / 2022

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی لانگ مارچ کل سے شروع ہو گا اور راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب مزید کوئی توسیع نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ کل سے دوبارہ شروع ہو گا۔ اس سلسلے میں آج گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن کے ذمہ داران کا اجلاس ہوگا جس کے بعد سینئر لیڈرشپ کااجلاس ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ میں اب مزید کوئی توسیع نہیں ہوگی۔ عمران خان رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ راولپنڈی میں ہوں گے۔

اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے وزیرآباد سے راولپنڈی تک لانگ مارچ کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں پی ٹی آئی کے رہنما بھی شریک تھے۔

اس دوران انہوں نے ہدایات دیں کہ راستے میں موجود بلند عمارتوں کی چھتوں پر ماہر نشانہ باز اہکار تعینات کیے جائیں اور کنٹرول روم سے منسلک راستے پر 24 گھنٹے 15 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں سیکیورٹی بڑھانے کے لیے دیگر اضلاع سے اضافی نفری بھی طلب کی جائے۔

عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج کے تیسرے روز راولپنڈی میں مری روڈ پر شمس آباد کے مقام پر مظاہرہ جاری ہے۔ احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے خیمے لگا کر سڑک کو بند کر رکھا ہے۔ شمس آباد کے مقام پر دونوں اطراف سے مرکزی شاہراہ بند کردی گئی ہے جب کہ سروس روڈ ٹریفک کےلئے کھلا ہے جس پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث موٹر وے ایم 2 انٹری پوائنٹ تیسرے روز بھی بند ہے جہاں 50 کے قریب پی ٹی آئی کے مظاہرین دھرنا دیے ہوئے ہیں۔