نگلینڈ کی ٹیم بھارت کو ہرا کر ٹی20 کے فائینل میں پہنچ گئی، اتوار کو پاکستان سے مقابلہ ہوگا

  • جمعرات 10 / نومبر / 2022

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دے کر فائینل میں جگہ  بنا لی ہے۔ اب اتوار کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جو نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پہلے ہی فائینل کے لئے کوالی فائی کرچکا ہے۔

بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس کے تعاقب میں انگلینڈ کے بلے بازوں نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور کسی نقصان کے بغیر 16 اوورز میں 170 رنز بنالیے۔ بھارت کے 169 رنز کے تعاقب میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کی جارحانہ نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے کپتان نے 36 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں لوکیش راہل صرف پانچ رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 47 رنز کی شراکت کی لیکن 56 کے مجموعے پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں روہت شرما وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 27رنز بنائے۔

سوریا کمار یادیو نے آنے کے بعد چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن عادل رشید کی ایک گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ فل سالٹ کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد ہردک پانڈیا کھیلنے آئے۔ انہوں نے ویرات کوہلی کے ہمراہ 61 رنز اسکور کئے اور اسکور بورڈ 136تک پہنچا دیا۔

ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی لیکن 40 گیندوں پر 50 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اینڈ سے ہردک پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سیم کرن کے ایک اوور میں 20 رنز لے کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

بھارت نے مقررہ اوورز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ ہردک 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پر بولڈ ہوئے۔