دھرنے کے اعلان سے سعودی ولی عہد کا دورۂ پاکستان ملتوی ہوا: خواجہ آصف

  • اتوار 13 / نومبر / 2022

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور دھرنے کے اعلان کی وجہ سے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کا دورۂ پاکستان ملتوی ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا  کہ عمران خان نے پہلے دھرنے نے 7 سال قبل چینی صدر کا دورہ کینسل کروایا تھا۔ اب 21 نومبر والے دھرنے کے اعلان سے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم کا دورہ ملتوی ہؤا۔ انہوں نے کہ عمران خان سوائے اپنے مفادات کے علاوہ کوئی سوچ نہیں رکھتا۔ ملک و قوم کے مفادات کے کوئی معنی نہیں۔ یہ شخص ملک کے خلاف ایجنڈا پہ کام کر رہا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے پاکستان کے دورے کی نئی تاریخ دونوں ملک طے کریں گے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا رواں ماہ 21 نومبر کو دورہ پاکستان شیڈول تھا۔

ادھر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ نہیں ہوا۔ ہم نے کسی کو تھریٹ نہیں دیا۔ ہر جمہوریت میں احتجاج ہوتا ہے۔ یہ بہانہ احمقانہ ہے۔ عمران خان کے محمد بن سلمان سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔۔

سابق سفیر عبدالباسط نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بظاہر یہ اندرونی صورتحال کی وجہ سے بیرون ملک تعلقات متاثر ہونے کا کیس ہے۔ یہ دورہ انتہائی اہم تھا۔ یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے دوبارہ جلد ری شیڈول کیا جاسکے گا۔ یہ اچھی پیش رفت نہیں۔