انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بن گیا

  • اتوار 13 / نومبر / 2022

انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ کپتان بابر اعظم نے 28 گیندوں پر 32، محمد رضوان نے 14 گیندوں پر 15، محمد حارث نے 12 گیندوں پر آٹھ، شاداب خان نے 14 گیندوں پر 20، محمد نواز نے سات گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔ افتحار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بالر سیم کرن نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 12 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عادل رشید نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر دو، کرس جارڈن نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر دو، بین اسٹوکس نے چار اوورز میں 32، کرس ووکس نے تین اوورز میں 26 رنز دیے۔

پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ جب کہ انگلیںڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دونوں ٹیمیں ایک، ایک بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں۔

 پاکستان نے اوسط بیٹنگ پرفارمنس کے باعث انگلینڈ کو جیت کے لیے محض 138 رنز کا ہدف دیا۔ اس ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کو بولڈ کردیا۔ انگلش بیٹر فل سالٹ کی وکٹ حارث رؤف نے چوتھے اوور میں 32 کے اسکور پر حاصل کی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے اننگز کے چھٹے اوور میں 45 کے اسکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے جوز بٹلر کو 26 رنز پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

انگلینڈ کے 84 کے اسکور پر ہیری بروک کو شاداب خان نے 13 ویں اوور میں واپس پویلین بھیجا۔ 20 رنز پر شاہین آفریدی نے ان کا کیچ پکڑا۔

اس کے بعد انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ان کا ساتھ معین علی نے دیا۔ انہوں نے 12 گیندوں پر 19 رنز بنائے۔ بین اسٹوکس نے ناقابلِ شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی اور 19ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلوائی۔ 

پاکستان کی جانب سے محمد حارث رؤف 4 اوور میں 23 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے۔ شاہین آفریدی نے 2 اوور اور ایک گیند کروائی، اپنے تیسرے اوور کی پہلی گیند کروانے کے بعد گھنٹنے میں تکلیف کے باعث گراؤنڈ چھوڑ گئے انہوں نے ایک وکٹ لی۔ 

 ان کے علاوہ شاداب خان اور محمد وسیم نے بھی ایک ایک وکٹ لی تاہم چھوٹے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔