استنبول میں دھماکہ سے چھ افراد جاں بحق، 38 زخمی

  • اتوار 13 / نومبر / 2022

استنبول کے استقلال ایونیو میں آج شام  زور دار بم دھماکا ہوا جس میں 6 افراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے شہر استنبول کے علاقے استقلال ایونیو میں زورد دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں کافی تعداد میں راہگیر موجود تھے اور یہ مصروف ترین علاقہ ہے۔ ترک صدر طیب اردوان نے دھماکے میں 53 افراد کے زخمی اور 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بم دھماکا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ یہ ایک بم دھماکا تھا اور بارودی مواد کو گملوں میں چھپایا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد پُر ہجوم مقام پر افراتفری مچ گئی اور شہری مدد کو پکارنے لگے۔ کئی افراد کچلے جانے کے باعث زخمی ہوئے۔ ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے بھی اس مقام پر کافی بِھیڑ تھی۔

دھماکے کے فوری بعد ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے حادثہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ پولیس غیر متعلقہ افراد کو وقوعہ پر جانے سے روک دیا۔

ترک میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے کہ مقامی افراد اور سیاحوں میں شاپنگ کے لیے مقبول استقلال اسٹریٹ میں دھماکا مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ہوا جس میں چند افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے ‘ٹی آرٹی’ اور دیگر چینلز میں ایمبولینس اور پولیس کی ویڈیوز دکھائی جارہی ہیں جو استبول کی استقلال اسٹریٹ پر جائے وجوع کی طرف جارہے ہیں۔

استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے ٹوئٹر پر پہلے بتایا تھا کہ دھماکے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ‘ہماری پولیس، صحت، فائر بریگیڈ اور اے ایف اے ڈی کی ٹیموں کو جائے وقوع کی طرف بھیج دیا گیا ہے اور تفصیلات سے عوام کو آگاہ کردیا جائے گا’۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں داعش نے کئی بار خود کش حملے کیے ہیں اور 2017 میں ایک نائٹ کلب میں مسلح افراد کے حملے میں 39 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔