عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے امریکی سازش کے بیانیے سے دستبردار ہو گئے: مریم اورنگزیب

  • سوموار 14 / نومبر / 2022

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہو گی۔ عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’جس بیانیے پہ پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔ آج عمران سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پہ یقین کرنے والوں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکی سازش، امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کا بیانیہ پسِ پشت اِس لیے ڈالا کیونکہ وہ کبھی موجود تھا ہی نہیں۔ عمران خان نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا۔

مریم اورنگزیب نے الزام لگایا کہ عمران خان نے  اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا۔ خیال رہے کہ فنانشل ٹائمز کو دیے ایک انٹرویو میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا  تھا کہ پاکستان کے تمام ممالک سے اچھے تعلقات ہونے چاہییں، خاص طور پر امریکہ سے۔ عمران خان نے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ ’نئے تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ تو امریکہ پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگاتے رہے ہیں تو عمران خان نے جواب دیا ’وہ باتیں میں پسِ پشت ڈال چکا ہوں’۔ عمران خان نے مزید کہا میں ایک ایسے پاکستان کی قیادت کرنا چاہتا ہوں جو امریکہ سے بہترین تعلقات رکھتا ہو۔

جب عمران خان سے سوال کیا گیا کہ آپ تو کہتے تھے ’امریکہ ہم سے غلاموں کی طرح برتاؤ کرتا ہے‘ تو عمران خان نے کہا ’اس میں امریکہ کا کوئی قصور نہیں بلکہ اس میں سارا قصور ہماری سابقہ حکومتوں کا ہے‘۔ عمران خان نے اپنے دورہ روس کے بارے میں کہا اگرچہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا لیکن ’میں سمجھتا ہوں یہ دورہ میرے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔