لکی مروت: پولیس موبائل پر دہشتگردوں کی فائرنگ میں 6 اہلکار شہید

  • بدھ 16 / نومبر / 2022

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل تھانہ ڈاڈیوالہ میں گشت کر رہی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں پولیس موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج بھی شامل ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والوں کی درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور ایک بیان میں دہشت گردوں کو ملک دشمن قرار دیا ہے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’دھرتی کے عظیم سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘۔

شہباز شریف نے حکومت خیبرپختونخوا پر زور دیا کہ وہ شہید پولیس اہلکاروں کے لیے فوری طور پر شہدا پیکج کا اعلان کرے۔