عمران خان کا 26 نومبر کو پنڈی پہنچنے کا اعلان

  • ہفتہ 19 / نومبر / 2022

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے  26 نومبر کو لانگ مارچ کے  اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روالپنڈی سے  احتجاجی مارچ کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ 26 نومبر کو پنڈی پہنچیں، ایک اور دو کے قریب پہنچنے کی پوری کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنڈی میں خطاب کروں گا اور وہاں اگلا لائحہ عمل دوں گا۔ یہ تحریک رکنے والی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ طاقت ور حلقوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے پاس طاقت ہے آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس دلدل سے نکلنے کے لیے صاف اور شفاف انتخابات کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔ اس حکومت کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے، اعتماد کھو بیٹھی ہے۔ 7 مہینوں میں جو روڈ میپ نظر آیا وہ صرف اپنی چوری بچانے کا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ساری قوم وہاں آئے گی اور ہم ایک چیز کا مطالبہ کریں گے، صاف اور شفاف انتخابات اور ہماری حقیقی آزادی کی تحریک اس کے بعد بھی چلتی رہے گی۔ قوم سے کہتا ہوں آپ نیوٹرل نہیں ہوسکتے، میں بطور سابق وزیراعظم اپنی ایف آئی آر درج نہیں کر وا سکا حالانکہ میں ان کو جانتا تھا جنہوں نے یہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری سینیٹر اور ہمارے وکیل باہر نکلے ہوئے ہیں۔  ساری دنیا کے سامنے اعظم سواتی کے ساتھ ظلم ہوا اور ارشد شریف کی والدہ انصاف کے لیے درخواست کر رہی ہیں۔ اگر ہمیں انصاف نہیں مل رہا ہے تو قوم سن لے آپ کو بھی انصاف نہیں ملے گا۔