کراچی اور حیدر آباد میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے

  • منگل 22 / نومبر / 2022

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں 15 جنوری 2023 کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ 15 جنوری 2023 کو کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو خاص سیکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق 15 نومبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنا دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال حسین نے بینچ کو آگاہ کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات پہلے بارشوں کے باعث ملتوی کیے گئے تھے، لیکن بعد میں سندھ حکومت نے انہیں مزید 90 روز کے لیے ملتوی کردیا۔

جوائنٹ سیکریٹری داخلہ محمد رمضان ملک نے الیکشن کمیشن کو بتایا تھا کہ وزارت داخلہ انتخابی ذمہ داریوں کے لیے سول آرمڈ فورسز فراہم نہیں کر سکتی۔ سیکیورٹی فورسز کا بڑا حصہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی مصروف ہے، ہم اس وقت بلدیاتی انتخابات کے لیے درکار سیکیورٹی ضروریات پوری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے انتخابات کا دوسرا مرحلہ 2 بار ملتوی کیا گیا۔ نفری کی کمی کے باعث انتخابات کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی عملہ فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کابینہ نے انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کر دیے ہیں، اس پر الیکشن کمیشن کے ایک رکن نے استفسار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات کو کابینہ کیسے استعمال کر سکتی ہے؟

مرتضیٰ وہاب نے جواب دیا کہ قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرنا حکومت سندھ کا اختیار ہے۔ آئی جی سندھ نے بھی انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے حکومتی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 17 ہزار اہلکاروں کی کمی کے باعث کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔ ہم الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابات کروا سکتے ہیں لیکن سیکورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے یاد دہانی کروائی تھی کہ 2015 کے انتخابات کے دوران پرتشدد واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔ تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج سنایا گیا۔

واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژن کے کُل 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 26 جون کو ہوچکا ہے۔