آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصے پر کنٹرول کا بھارتی فوج کا دعویٰ پروپیگنڈا ہے: آئی ایس پی آر

  • جمعرات 24 / نومبر / 2022

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھارتی فوج کے اعلیٰ افسر کے آزاد جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے بیان کو بھارتی فوج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

آئی ایس پی آر نے ٹوئٹر بیان میں بھارتی فوج کے آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کے دعوے کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلیٰ بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد ہے۔ آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے اور یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کو کچلنے میں مصروف ہے اور بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑت ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے۔ بھارتی فوج غیرذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے۔ بھارتی فوجی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیرحقیقی اور توہین آمیز ہیں۔

بھارتی فوج نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اس وقت جموں و کمشیر میں کم از کم 300 دہشت گرد موجود ہیں جبکہ 160 دہشت گرد لائن آف کنٹرول عبور کر کے بھارت میں داخل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔