وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ روک دی

  • جمعرات 24 / نومبر / 2022

وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے اور انہیں آرمی چیف بنانے کے فیصلے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

صدر عارف علوی کی جانب سے آرمی چیف کی سمری روکنےکی صورت میں حکومت نے جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے کی سمری کو منظور کرلیا۔ اس فیصلے سے جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ منجمد ہوگئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے رولز آف بزنس کی شق 15 اے میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے وزارت دفاع کی جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے کی سمری منظور کرلی۔ اب صدر نے آرمی چیف کی تقرری کی سمری روکے رکھی اور عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ گزرنے کے بعد صدر نے سمری واپس کی تو بھی وہ غیر موثر ہوگی۔

صدر 25 دن تک سمری روکے بھی رکھیں گے تو بعد میں بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہی ہوں گے۔ صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعظم نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کسی بھی افسر کو ری ٹین کیا جاسکتا ہے۔ صدر کی جانب سے سمری روکے جانے پر بھی جنرل عاصم منیر 27 نومبر کو ریٹائر نہیں ہوں گے۔

اس دوران وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے فوج کے سینئر ترین لیفٹننٹ جنرل عاصم کی بطور آرمی چیف نامزدگی پر مشاورت کے لیے صدر عارف علوی کی سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے لاہور میں ملاقات کی ہے۔ صدرِ مملکت اس معاملے پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے مشاورت کے لیے خصوصی طور پر لاہور پہنچے تھے۔