راولپنڈی جلسہ میں دہشت گردی کا خطرہ ہے جلسہ منسوخ کیا جائے: رانا ثناء اللہ

  • جمعہ 25 / نومبر / 2022

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے جلسے میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ لہذٰا عمران خان یہ جلسہ منسوخ کر دیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے کہ 26 نومبر کو جلسے میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اور جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے۔ لہذٰا اب بھی وقت ہے عمران خان جلسہ منسوخ کر دیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خاص طور پر 26 نومبر کی تاریخ رکھی تھی اب تو اس کا کوئی مقصد نہیں رہا۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب راولپنڈی سےالیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، یہ بات اب پرانی ہو گئی ہے۔ آپ کو اب اسٹیبلشمنٹ تاریخ نہیں لے کر دے گی۔ اگر اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن کی تاریخ لے کر دینی ہوتی تو جو کچھ آپ نے گزشتہ پانچ، چھ ماہ سے کیا، آپ کی بلیک میلنگ میں کسی نے آنا ہوتا تو وہ آپ کو تاریخ لے دیتے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان جلدی الیکشن کی تاریخ چاہتے ہیں تو وہ نواز شریف اور شہباز شریف سے ملیں۔ مولانا فضل الرحمٰن، اختر جان مینگل سے ملیں اگر عمران خان نواز شریف یا شہباز شریف سے ملنا چاہتے ہیں تو وہ اس میں عمران خان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وہ عمران خان کو سیاسی دُشمن کے بجائے سیاسی حریف سمجھتے ہیں۔ لیکن عمران خان ہمیں سیاسی دُشمن سمجھتے رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ اب اس بات پر کھڑی ہے کہ وہ کسی قیمت پر بھی اپنے آئینی رول سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔