خیبرپختونخوا: ٹی ٹی پی دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی تحصیل لکی مروت میں وانڈا پشان کے قریب سیکیورٹی فورسز اور کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ اور فائرنگ کے تبادلے دو فوجی اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سیرائی گمبیلا پولیس اسٹیشن کی حدود میں سیکیورٹی فورسز اور تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں دو اہلکار شہید اور دو زخمی ہوئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز دیہی علاقے کا سرچ آپریشن میں مصروف تھیں کہ دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔
ٹی ٹی پی نے وانڈا کے علاقے پشان میں کیے گئے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار قاسم اور حوالدار چنگیز شہید ہوئے۔ زخمی اہلکاروں میں لیفٹیننٹ بلال اور سپاہی ظہور شامل ہیں جبکہ شہید اور زخمی اہلکاروں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز پنجاب کے ضلع وانڈا ارسل کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے صدر پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔ گزشتہ دو روز کے دوران پولیس اسٹیشن پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں لکی مروت میں منظر فقیر کے علاقے میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا تاہم چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا۔