وادی نیلم میں وین کھائی میں جاگری، 6 خواتین جاں بحق

  • اتوار 27 / نومبر / 2022

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں چھڑی کے مقام پر وین کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 6 خواتین جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔

نیلم ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب کے مطابق واقعہ دن 12 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا جب گاڑی میں سوار تمام خواتین ووٹ ڈالنے کے بعد واپس گھر جارہی تھیں۔ خیال رہے کہ مظفر آباد کے تین اضلاع میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔

اختر ایوب نے بتایا کہ دودھنیال بیسانوالی سے چھڑی جانے والی گاڑی گہری کھائی میں جا گری، ریسکیو عملے کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں 6 خواتین جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

اختر ایوب کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد بیساں والی دودھنیال پولنگ اسٹیشن نمبر 7 اور 8 میں پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔ حادثے میں  زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو دودھنیال منتقل کردیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو متاثرین کی تدفین اور زخمی افراد کے علاج کے لیے مدد اور تعاون کی ہدایات جاری کی ہیں۔