پاکستان کو ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے

  • منگل 29 / نومبر / 2022

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( کو 50 کروڑ ڈالر منتقل کر دیے ہیں۔

ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے آج اپنے بورڈ کی منظوری کے مطابق پروگرام فنانسنگ کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان آف پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر منتقل کردیے ہیں۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ 50 کروڑ ڈالر کی منتقلی کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

رواں ماہ کے شروع میں وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ پاکستان ترقیاتی پروگرام کے لیے کوفنانسنگ کے طور پر فنڈز وصول کرے گا۔ گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے بجٹ کو سپورٹ کرنے اور تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کو جاری کیے تھے۔

وزارت اقتصادی امور کے ترجمان نے کہا تھا فنڈ بی آر اے سی ای پروگرام کے تحت دیے گئے جس کا مقصد سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور غریبوں اور اقتصادی طور پر کمزور طبقات پر مہنگائی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔

پروگرام کا مقصد سماجی تحفظ، غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے اقدامات اور کاروبار کے لیے تعاون کے لیے حکومت کے انسداد گردشی و ترقیاتی اخراجات کی حمایت کرنا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بی آر اے سی ای پروگرام مضبوط معاشی بہتری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو تقویت دے گا۔

ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے رقم ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب کہ معاشی بحران سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ بیرونی مالیاتی ادائیگیاں کرنے کی پاکستان کی صلاحیت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال بڑھتی جارہی ہے جب کہ ملک تباہ کن سیلاب سے بحالی کے مرحلے میں ہے جس میں 17 سو سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

18 نومبر تک مرکزی بینک کے پاس پاکستان کے ذخائر 7 ارب 80 کروڑ ڈالر رہ گئے تھے جو بمشکل ایک ماہ کی درآمدات پوری کرنے کے لیے کافی تھے۔ جمعے کے روز اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا تھا کہ ایک ارب ڈالر انٹرنیشنل بونڈ کی دوبارہ ادائیگی مقررہ تاریخ سے 3 روز قبل 2 دسمبر کو ہوگی، بونڈ کی ادائیگی 5 دسمبر تک کرنی تھی جو مجموعی طور پر 1.08 ارب ڈالر ہے۔