پنجاب میں سیاسی کشمکش پر شہباز شریف اور آصف زرداری کی مشاورت

  • بدھ 30 / نومبر / 2022

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے فیصلے کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے منگل کو ملاقات کی جس میں ممکنہ سیاسی بحران کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم آنے والے دنوں میں حکمران اتحاد میں شامل دیگر اتحادیوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ دونوں اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل پر تبادلہ خیال اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ دونوں نے اس سال کے تباہ کن مون سون سیلاب کے بعد بحالی کے عمل اور موسم سرما کے آغاز کے دوران بے گھر ہونے والے سیلاب متاثرین کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ ایک سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیر اعظم نے آصف زرداری کو پنجاب میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت دوبارہ قائم کرنے کا کام سونپا ہے۔ مشکل حالات میں سیاسی حل نکالنے کی شہرت رکھنے والے سابق صدر جلد ہی لاہور کا سفر کریں گے۔

اس ملاقات سے قبل زرداری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے لیڈر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی۔