کوئٹہ میں کالعدم ٹی ٹی پی کا خودکش حملہ، پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق

  • بدھ 30 / نومبر / 2022

کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خود کش حملے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد اہلکار اور شہری زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس پولیس کوئٹہ اظفر مہسر نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 24 افراد زخمی ہوئے جن میں 20 پولیس اہلکار اور 4 شہری شامل ہیں۔ دھماکا خودکش تھا جس میں 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کر رہے تھے۔

واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھماکے میں مجموعی طور پر 3 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ٹرک، ایک سوزوکی مہران اور ایک ٹویوٹا کرولا کار متاثر ہوئیں۔ زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کو جاری ایک بیان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا گروپ جلد دھماکے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرے گا۔ آج ہونے والا دھماکا عسکریت پسند گروپ کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ ختم کرنے کے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔

ہسپتال سے تازہ ترین اطلاعات کے مطانق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے جن میں ایک پولیس اہلکار ، خاتون اور بچہ شامل ہیں جب کہ شہید پولیس اہلکار کی شناخت اے ایس آئی ابراہیم کے نام سے ہوئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی افراد کی تعداد 28 ہوگئی۔ زخمیوں میں 22 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود گاڑی پر دہشت گردحملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر کو پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ صدر مملکت نے دھماکے میں بچے اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بچے ہمارا بیش قیمت قومی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ میں پولیس اہلکار سمیت اور ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ کااظہار کرتےہوئے کہا کہ پولیو اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں بلو چستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کوئٹہ دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت ایک بار پھر یاد دہانی ہے کے اس قوم کے بہادر سپوت ہماری حفاظت کے لئے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کرنے کو ہر وقت تیار ہیں۔