پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل نہ کی تو پی ٹی آئی اراکین اسمبلی استعفیٰ دے دیں گے

  • سوموار 12 / دسمبر / 2022

پنجاب کابینہ میں شامل وزیرِ آب پاشی ہاشم ڈوگر نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے عمران خان کی  اسمبلی تحلیل کرنے کی ہدایت پر عمل نہ کیا تو پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیں گے۔

 وزیر آبپاشی ہاشم ڈوگر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مجھے یقین ہے کہ عمران خان کی جانب سے ہدایت ملتے ہی وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کر دیں گے۔ اور اگر وہ عمران خان کی ہدایت پر عمل نہیں کرتے تو پی ٹی آئی کے تمام 178 ارکان صوبائی اسمبلی استعفیٰ دے دیں گے جو پرویز الٰہی کی حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کی کوششوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام بھیڑ بکریاں پہلے ہی پی ٹی آئی چھوڑ چکی ہیں اور اب 178 ارکان صوبائی اسمبلی میں ایک بھی گندا انڈا نہیں بچا۔

ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چھوڑنے کے بارے میں اب صرف وہی سوچیں گے جو سیاسی میدان میں مزید نہیں رہنا چاہتے۔