امریکہ میں تارکینِ وطن کی مدد کرنے والی ٹاسک فورس بحال کرنے کا فیصلہ

  • منگل 13 / دسمبر / 2022

امریکہ کے صدر جو بائیڈن اس ٹاسک فورس کو بحال کر رہے ہیں جس کا مقصد تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کو امریکہ میں ضم ہونے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

وائٹ ہاوس کے مطابق 'دی ٹاسک فورس آن نیو امیریکنز' کو ڈومیسٹک پالیسی کونسل چلائے گی۔ اس کا مرکزی کردار افرادی قوت کی تربیت، تعلیم اور مالی امور میں معاونت کے ساتھ ساتھ زبان سیکھنے اور ان تارکینِ وطن کی صحت پر ہوگا۔ جن کے پاس گرین کارڈ اور دیگر قانونی دستاویزات ہوں گی۔

یہ ٹاسک فورس 2000 کی دہائی کے وسط سے وجود میں آنے کے بعد ایک شکل میں نافذ رہی ہے۔ سابق صدر براک اوباما کے دور میں یہ فعال تھی جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں اسے معطل کر دیا گیا تھا۔ ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی کی پالیسی کا مقصد کم سے کم تارکینِ وطن کو امریکہ میں داخلے کی اجازت دینا تھا۔

خبررساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی ان سے مختلف ہے۔ صدر بائیڈن نے کئی بار کہا ہے کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ تارکینِ وطن امریکہ کی معاونت کرتے ہیں اور قوم کو مضبوط بناتے ہیں۔ تارکینِ وطن کے امریکہ آنے کے کئی طریقے ہیں، ان میں سے ایک طریقہ پناہ گزین کے طور پر امریکہ آنا ہے۔