تمام صوبوں کو شامل نہ کیا گیا تو پاکستان کبھی ترقی نہیں کرے گا: وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں کو اگر ترقی کی دوڑ میں شامل نہ کیا گیا تو ملک کبھی ترقی نہیں کرے گا۔ وزیر اعظم نے حیدر آباد سکھر ایم 6 موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
سکھر پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔ اس کے بعد شہباز شریف نے 3 کھرب 7 ارب روپے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق اور وفاقی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ پوسٹل سروس اسعد محمود موجود تھے۔
شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم 6 موٹروے کو غیر ضروری طور پر التوا میں رکھا گیا۔ 30 ماہ میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا، ٹرانسپورٹ اور مسافروں کو اس منصوبے سے بے پناہ فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ امید ہے کہ موٹروے اسی معیار کا ہوگا جس طرح پاکستان کے دیگر حصوں میں موٹروے بنے ہیں۔ میں اچانک وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ موٹروے کے معیار کا جائزہ لینے پہنچ جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ موٹروے سکھر اور حیدر آباد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جارہا ہے جو 3 کھرب 7 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق پاکستان کے دیگر صوبوں میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کو فروغ دےگا کیونکہ یہی وہ طریقہ ہے جس سے ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکھر روہڑی پُل کا نواز شریف نے اعلان کیا تھا، آج میں اس کی تکیمل کا اعلان کرتا ہوں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان میں موٹرویز کی بنیاد نواز شریف نے رکھی تھی۔
انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ بلوچستان سے سڑکوں کو ملانے پر تیزی سے کام کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارا بہت اہم صوبہ ہے۔ بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان کی ترقی نامکمل ہے۔ گوادر بندرگاہ کو جلد از جلد بحال کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام صوبوں کو اگر ترقی کی دوڑ میں شامل نہ کیا گیا تو پاکستان کبھی ترقی نہیں کرے گا۔
وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کے حوالے سے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بے پناہ فنڈز دیے لیکن آج بھی کئی متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔