اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے خلاف بیٹی چھپانے کی پٹیشن پر سماعت کر گی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست 20 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر عمران خان نااہلی کیس سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے 20 دسمبر کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کاز لسٹ بھی جاری کردی ہے۔
خیال رہے کہ عدالت نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر عمران خان، الیکشن کمیشن، وفاق کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ قبل ازیں شہری کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط معلومات فراہم کیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے اپنے بچوں کی تفصیلات میں 2 بچوں کا ذکر کیا جبکہ ایک کی معلومات چھپائیں۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت کاغذاتِ نامزدگی میں جھوٹ بولنے پر عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت بطور رکنِ اسمبلی نااہل قرار دے۔
عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری ساجد محمود کی درخواست پر عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاق کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کیا تھا۔
نوٹس میں تمام فریقین سے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق 2 ہفتےکے اندر اندر جواب طلب کیا گیا تھا۔