جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں: حنا ربانی کھر

  • بدھ 14 / دسمبر / 2022

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت، ٹھوس شواہد ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے دہشت گردی کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاش میں یہاں آپ سے سارک مملک کی ترقی سے متعلق بات کرنے کے لیے آئی ہوتی، کاش میں آپ سے اس حوالے سے بات کرتی کہ سارک ممالک کس طرح سے خطے کی ترقی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید، شواہد موجود ہیں۔ ہماری یہ کوشش دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لیے ہے، ہم دنیا سے چیزوں کو شواہد کی بنیاد پر دیکھنے کی توقع کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ 2021 میں لاہور کے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے سے معلق ایک روز قبل پریس کانفرنس کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سیکریٹری خارجہ نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں کو مدعو کیا اور ان کے ساتھ اس دہشت گردی سے متعلق ڈوزیئر شیئر کیا۔ اس ڈوزیئر میں اس بات کی تفصیلات اور ثبوت موجود ہیں کہ کس طرح اس خاص واقعے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ تھا جس میں کئی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پڑوسیوں کی طرح حملے کے اگلے روز ہی اٹھ کر کسی ملک پر الزام نہیں لگاتے۔ ہم اس وقت تک انتظار کرتے رہے جب تک کہ ہمارے پاس اس کیس کے حوالے سے ٹھوس ثبوت اور شواہد نہیں آگئے۔ اب یہ ٹھوس شواہد ہمارے پاس آگئے ہیں، اس لیے آج ہم دنیا سے اس حوالے سے ایکشن لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت ہمسایوں کے گھر میں آگ لگائے گا تو یہ آگ ان تک بھی جائے گی۔ لاہور واقعہ بھارت کی طرف سے پلان کیا گیا اور حکومت پاکستان اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائے گی۔ اس خطے میں سب سے زیادہ نقصان دہشت گردی کی وجہ سے ہوا ہے اور بھارت سے بہتر کسی ملک نے دہشت گردی سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت بلوچ دہشت گرد تنظیموں کی کھلم کھلا مدد کرتا ہے جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعہ، لاہور واقعہ اور کلبھوشن یادیو کا کیس بھارت کی دہشت گردی کی مثالیں ہیں۔ بھارت سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل کرنے سے ہمیشہ انکاری رہا ہے۔ بھارت جو خود کرتا ہے اس کا الزام دوسروں پر لگاتا ہے۔ بھارت کا ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام میں مسلسل کردار ہے۔ سی پیک کو سبوتاژ کرنا بھی اس کی حالیہ مثال ہے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ امید ہے کہ فیٹف اور یو این بھارت کا محاسبہ کریں گے۔ یہ ڈوزیئر سلامتی کونسل اراکین اور یو این سیکریٹری جنرل سے بھی شیئر کیا جائے گا۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ آج دہشت گردی کے ذمہ داران خود کو مظلوم بنا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔