صدر مملکت عارف علوی بے اختیار ہیں، ان کے ساتھ ملاقاتیں بے نتیجہ رہیں: وزیرداخلہ رانا ثنااللہ

  • جمعرات 15 / دسمبر / 2022

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے اپنی ہی حکومت کے وزرا کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو بے نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان ملاقاتوں کا نتیجہ صفر برابر صفر ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر قانون اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی متعدد بار صدر مملکت سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، جن میں ان کے مطابق معیشیت پر بریفنگ کے علاوہ  دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر عارف علوی کے ساتھ حکومتی نمائندوں کی گذشتہ روز کی ملاقاتوں سمیت تمام ملاقاتیں بے سود رہیں۔ ان کے مطابق اس کی وجہ یہ ہے کہ فیصلہ سازی کا تمام اختیار عمران خان کے پاس ہے اور عارف علوی بے اختیار ہیں۔

عارف علوی سے ملاقات کے بعد وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ اگر عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کر دیں تو پی ڈی ایم دونوں صوبوں میں انتخابات کے لیے تیار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں یہ ایک نیا تجربہ ہو گا لیکن دنیا کے بہت سے ایسے ممالک میں مثالیں ملتی ہیں جہاں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات مرکز میں ہونے والے انتخابات کے ساتھ منعقد نہیں ہوئے۔

صدر سے ملاقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ صدر نے تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے حوالے سے کچھ تجاویز دی ہیں۔ اس دوران صدر عارف علوی نے لاہور کا دورہ کیا ہے کہاں انہوں نے عمران خان کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ سے ملاقات کی ہے۔