عمران خان نے جیو اور عمر ظہور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی

  • ہفتہ 17 / دسمبر / 2022

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز، اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ اور توشہ خانہ تحائف خریدنے کے دعوے دار عمر فاروق ظہور کے خلاف متحدہ عرب امارات مین قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عمران خان نے بتایا کہ حسن شاد کی سربراہی میں اب میرے متحدہ عرب امارات کے وکلا جیو ٹی وی، شاہزیب خانزادہ اور دھوکے باز عمر فاروق ظہور کے خلاف امارات کے قانون کے تحت مجرمانہ ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کرچکے ہیں۔

 واضح رہے کہ 15نومبر کو ’جیو نیوز‘ کے اینکر شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو دیتے ہوئے دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت عمر فاروق ظہور نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے تحفے میں دی گئی مہنگی گھڑی 20 لاکھ ڈالر میں انہیں فروخت کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ مارچ 2019 میں سابق وزیر احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ان کے پاس گھڑیوں کا ایک سیٹ ہے اور اگر میں دلچسپی رکھتا ہوں تو میں فرح خان (عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست) سے رابطہ کروں کیونکہ انہیں مدد کی ضرورت ہے اور ان اثاثوں کے لیے کوئی خریدار نہیں مل رہا ہے۔

عمر فاروق ظہور نے انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے دبئی میں فرح خان سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ یہ گھڑی سعودی شہزادے نے عمران خان کو تحفے میں دی تھی اور وہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے یہ چیزیں بیچنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس گھڑی کو 40 سے 50 لاکھ ڈالر میں فروخت کرنا چاہتی تھی لیکن بات چیت کے بعد میں نے اسے 20 لاکھ ڈالر میں خرید لیا اور فرح خان کے اصرار پر ادائیگی نقد میں کی۔

عمر فاروق ظہور نے کہا کہ ’ادائیگی کے فوراً بعد فرح خان نے شہزاد اکبر کو فون پر بتایا کہ ڈیل ہوگئی ہے اور مجھ سے تعارف کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شہزاد اکبر نے بھی توشہ خانہ کے تحائف خریدنے پر میرا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ میں اس معاملے پر کسی سے بات نہ کروں اور میں نے حامی بھرلی‘۔

جیو نیوز پر نشر کیے گئے انٹرویو کے دوران عمر فاروق ظہور نے وہ گھڑی بھی دکھائی اور دعویٰ کیا کہ یہ اصلی ہے۔ انہوں نے معاملے کی تحقیقات کیے جانے کی صورت میں مزید تفصیلات فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی تھی۔

عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کی خریداری کے حوالے سے ان تازہ انکشافات کے جواب میں قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’جیو اور اینکرپرسن شاہزیب خانزادہ نے ہینڈلرز کے تعاون سے ایک مشہور دھوکے باز اور عالمی سطح پر مطلوب مجرم کی جانب سے تیار کی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان لگایا ہے‘۔

انہوں نے  کہا تھا کہ ’بس اب بہت ہوچکا، میں نے اپنے وکلا سے بات کی ہے اور جیو، شاہزیب خانزادہ اور جعلساز (عمر ظہور) کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی مقدمے کا فیصلہ کیا ہے‘۔