لکی مروت پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانا برگئی پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے رات گئے تھانہ برگی پر حملہ کیا گیا۔ دہشت گردوں نے ہینڈ گرینڈ اور راکٹ لانچرز سے تھانے پر حملہ کیا۔ حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ شہید ہونے والوں میں تھانے کا محرر، ہیڈکانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران شہید، کانسٹیبل خیرالرحمٰن اور کانسٹیبل سبز علی شامل ہیں۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ لکی پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔
پولیس کا کہنا تھا حملے کی اطلاع کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی، علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ لکی مروت پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ حملہ میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ضلعی پولیس آفس کے اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نصف شب کے قریب 12 عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی پر موجود ہمارے 4 جوان شہید اور چار زخمی ہوئے۔
ترجمان لکی مروت پولیس نے بتایا کہ آدھی رات کو عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ حملے کے وقت 60 سے زیادہ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔ پولیس اہلکاروں اور عسکریت پسندوں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن شہر سے بہت دور واقع ہے اور لکی مروت شہر سے وہاں پہنچنے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ پولیس حملے کے بعد حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سرگرم ہے اور شبہ ہے کہ حملے کے پیچھے اس تنظیم کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ پولیس حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے لکی مروت میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے لکی مروت کے تھانہ برگئی پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ قومی اسمبلی کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر جاری ایک بیان کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور امن کے لیے قربانیاں دینے والے قوم کا فخر اور محسن ہیں۔
گزشتہ مہینے بھیلکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ اہلکاروں کو تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں شہید کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل تھانہ ڈاڈیوالہ میں گشت کر رہی تھی۔
ایک ماہ کے دوران یہ سیکیورٹی فورسز پر ہونے والا دوسرا حملہ تھا۔ 23 اکتوبر کو میر علی میں ایک خودکش حملہ آور نے قافلے پر حملہ کیا جس میں 21 فوجی زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گردی کی اس تازہ لہر کے خلاف مذکورہ علاقوں کے عوام مسلسل سراپا احتجاج بھی ہیں۔