امریکا کی پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کی پیشکش

  • منگل 20 / دسمبر / 2022

امریکا نے پاکستان کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خلاف جنگ میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینا دونوں ممالک کا مشترکہ مفاد ہے۔

 اسی دوران امریکا نے بھارت اور پاکستان کو اپنے اختلافات کو دور کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک عالمی شراکت دار ہیں اور امریکا دونوں ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر سے دیکھتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے واشنگٹن پہنچنے کے چند گھنٹے بعد ایک نیوز بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کی۔

نیڈ پرائس نے بنوں سانحہ میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے  تشدد کے خاتمے پر زور دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب دو ممالک کے درمیان مشترکہ خدشات کی بات آتی ہے تو افغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیموں اور پاک  افغان سرحد پر دہشت گردی کے خلاف کارروائی سمیت مشترکہ مفادات میں امریکا، پاکستان کا شراکت دار ہے۔

امریکہ شدت پسندوں کےخلاف کارروائی کے لیے پاکستان کی مدد کو تیار ہے۔

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں بھارت اورپاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان  بیان بازی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ امریکا دونوں ممالک کے درمیان مثبت ڈائیلاگ دیکھنا چاہتا ہے۔ دونوں ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر سے دیکھتے ہیں۔

نیڈ پرائس نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ شراکت داری اہمیت کی حامل ہے، دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات دوستی کی نوعیت کے ہیں۔ جہاں تک اختلافات کا تعلق ہے تو ہماری دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط شراکت داری ہے اور اسی وجہ سے ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان لفظی جنگ نہیں چاہتے۔ پاکستان اور بھارت کو مل کر بات کرنا ہوگی۔