عسکریت پسندوں کے سامنے نہیں جھکیں گے، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ریاست کسی بھی عسکریت پسند گروپ کے سامنے نہیں جھکے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق ایک بیان میں وزیراعظم نے بنوں اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش کو سختی سے کچل دیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی جس میں عسکریت پسند تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد سے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جہاں امن و امان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں پر عائد ہوتی ہے، وہیں وفاقی حکومت بھی ’ان سنگین مسائل پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی‘۔ دہشت گردی کا مسئلہ قومی سلامتی کا حساس معاملہ ہے، اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی اور دہشت گردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشت گردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا سدباب بھی کرے گی اور پوری قوم اپنی دلیر افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار فورسز کے جذبے اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے، رد الفساد اور ضرب عضب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشت گردی کے مقابلے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کرائیں گے۔ صوبائی حکومت کی صلاحیت اور استعداد کار میں اضافہ دہشت گردی کے خاتمے میں اہم ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق، صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورس اور ڈپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت کرے گا۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی کی ازسرنو تشکیل پر کام کریں گے۔ اپنی فورسز کی تمام ضروریات پوری کریں گے جبکہ جدید اسلحے کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی۔
دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے بنوں میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنانے اور ان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب آپریشن سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی قیادت اور آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔