بلوچستان میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکا، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید
سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹنے سے کیپٹن سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر گزشتہ روز سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں ایک کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن فہد، چار دیگر بہادر سپوتوں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون سمیت جاں بحق ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر کے شہادت کو قبول کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔ پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کاہان بلوچستان میں کلیرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اور ان کے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار اور شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی پوری قوت و طاقت سے اسکا قلع قمع کریں گے۔ شہدا ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پورے پاکستانی عوام انکے پیچھے کھڑے ہیں۔ ارض وطن پر موجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے۔ اللہ تعالی ہمارے شہدا کے درجات بلند کرے۔ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔