امریکا میں موسم سرما کا طوفان اور شدید برف باری، 32 افراد ہلاک
امریکا میں موسم سرما کے طوفان اور برف باری کے بعد ملک کے کئی حصوں کو سخت سردی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سخت سرد موسم کی وجہ سے امریکا میں لاکھوں افراد کو کرسمس کے دن کا خطرات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نیویارک کے شہر بفیلو میں ایک بحران کی صورتحال ہے، جہاں برفانی طوفان نے شہر کو بے حال کر دیا، ایمرجنسی سروسز زیادہ متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ سکیں۔
نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے بتایا کہ یہ جنگ زدہ علاقے کی طرح ہے، جہاں پر 2.4 میٹر برف پڑی تھی، جس کے بعد بجلی کے تعطل نے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔ کیتھی ہوچول نے رپورٹرز کو بتایا تھا کہ رہائشی اب بھی خطرناک جان لیوا صورتحال سے دوچار ہیں۔ اور لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ علاقے میں گھروں کے اندر محدود رہیں۔
کئی مشرقی ریاستوں میں 2 لاکھ سے زیادہ لوگ بجلی سے محروم رہے۔ بہت سے لوگوں کے چھٹیوں کے سفر کے منصوبے ختم ہو گئے۔ شدید سرد موسم اور یخ بستہ ہواؤں نے امریکا کی 48 ریاستوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچا دیا۔ تعطیلات کے لیے جانے والے مسافر پھنس گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موسم کی وجہ سے 9 ریاستوں میں 32 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سےآئری کاؤنٹی میں ہونے والی 13 ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔ یہ بفیلو کے پاس واقع ہے۔ حکام نے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ بفیلو میں خطرناک حالات ہیں، جہاں پر برف باری اور سردی کی شدت ہے۔ بعض لوگوں کی لاشیں گاڑیوں میں سے ملی ہیں۔
شہر کا ائیر پورٹ منگل تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ تمام ایری کاؤنٹی میں ڈرائیونگ پر پابندی برقرار ہے۔ گورنر کیتھی ہوچول نے بتایا کہ خطے میں 1977 کے تاریخی برفانی طوفان کے مقابلے میں موسم کی شدت، دورانیے اور ہواؤں کی شدت زیادہ ہے۔
بجلی کے سب اسٹیشن منجمد ہونے کی وجہ سے خطے میں کچھ رہائشیوں کو منگل تک بجلی بحال نہیں کی جاسکے گی۔ کینیڈا سے آنے والے ایک جوڑے نے بفیلو میں بتایا کہ وہ 10 منٹ کی مسافت پر اپنے اہل خانہ سے کرسمس پر ملنے کے لیے نہیں جاسکے۔ یہ دہائیوں کے سب سے شدید طوفانوں میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے امریکا میں صرف اتوار کو 3 ہزار کے قریب پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور، ڈیٹرائٹ اور نیویارک سمیت کرسمس کے دوران ہوائی اڈوں پر مسافر پھنسے رہے یا انہیں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔