انتخابات وقت پر ہوں گے تو عمران خان کے سہولت کار کسی ادارے میں نہیں رہیں گے: بلاول بھٹو

  • بدھ 28 / دسمبر / 2022

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ تیسری پارلیمان ہے جو اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے۔ اگر انتخابات وقت پر ہوں گے تو عمران خان کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں نہیں رہیں گے۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس بات کی بڑی پریشانی ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ تقسیم، نفرت، جھوٹ، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کررہا ہے۔ قانون اور آئین کے مطابق پارلیمان کی مدت ہوتی ہے، پارلیمان اپنی مدت پوری کرتی ہے اس کے بعد انتخابات ہوتے ہیں۔

 پاکستان کی جمہوری تحریک میں ہم نے یہ کامیابی حاصل کی۔ پہلے ہر دو، تین سال بعد پارلیمان ٹوٹ جاتی تھی۔ اب 2008 سے لے کر 2013 تک اور اس کے بعد 2013 سے 2018 تک پارلیمان نے اپنی مدت پوری کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ تیسری پارلیمان ہے، جو اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے۔ اگر انتخابات وقت پر ہوں گے تو پھر عمران خان کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں نہیں رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ (عمران خان) ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ جمہوریت کی ترقی کو روکے۔ اس وقت جب آج تک سیلاب کے اثرات سے گزر رہے ہیں جب مہنگائی عروج پر ہے، بیروزگاری بڑھ رہی ہے، ہم معاشی مشکلات میں ہیں، وہ چاہتا ہے کہ اس (عمران خان) کی ضد پوری ہو، عوام کے مسائل حل نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کہانی ختم ہو گئی، آپ کو یاد ہوگا کہ جب سابق صدر مشرف کو نکالا گیا تو وہ بھی بہت دعوے کرتے تھے کہ پتا نہیں کیا انقلاب لائیں گے۔ اب مجھے پتا نہیں وہ کہاں ہے، وہ اب ماضی کا حصہ ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ویسے ہی مشرف کی باقیات عمران خان یا جو بھی ان کے ساتھی ہیں، اگر وہ جمہوریت کا ساتھ نہیں دیں گے اور اگر ان کا انتخابات کا بیانیہ یہ ہوگا کہ فوج میری مدد کرے، پاکستان کے ادارے پی ٹی آئی کی ٹائیگر فورس بن کر کام کریں۔ اگر ان کا بیانیہ یہ ہوگا کہ آئین تڑوائیں تاکہ وہ شخص جو چھ مہینے سے وزیراعظم نہیں رہا، اس کو آئین توڑ کر زبردستی اس کو پھر سے وزیر اعظم بنائیں۔ میرا خیال ہے اس قسم کا سیاسی بیانیہ جمہوریت کے خلاف ہوتا ہے۔

پاکستان کے عوام کو جب بھی موقع ملا ہے، انہوں نے غیر جمہوری قوتوں کو، سلیکٹڈ قوتوں کو شکست دلوائی اور جمہوری قوتوں کو منتخب کروایا ہے۔

دوسری جانب، سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر دنیا کو معاوضہ دینے کی ضرورت ہے۔ ایک زیادہ عملی اور حقیقت پسندانہ نقطہ نظر کے طور پر ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں قدرتی آفات کے باعث تباہ کاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔