نریندر مودی کی والدہ 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین مودی 100 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں، وہ کئی دنوں سے ہستال میں زیر علاج تھیں۔
مودی کی والدہ احمد آباد کے ہستال میں زیر علاج تھیں جہاں گزشتہ رات ان کی طبیعت بگڑی، جس کے بعد نریندر مودی ہسپتال پہنچے لیکن کچھ گھنٹوں بعد گزشتہ رات 3 بجے کے قریب ان کی والدہ چل بسیں۔ ہیرا بین کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔
بھارتی وزیراعظم نے ٹوئٹر پر اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ماں کی ایک بات ہمیشہ یاد رہے گی کہ ذہانت سے کام لو اور زندگی پاکیزگی کے ساتھ گزارو۔‘
نریندر مودی کی والدہ گجرات کے علاقے مہسانا میں 18 جولائی 1923 کو پیدا ہوئیں تھیں۔ ان کی ایک بیٹی اور چار بیٹے ہیں۔ نریندر مودی اپنے بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہیرا بین مودی نریندر مودی کے چھوٹے بھائی پنکج مودی کے ساتھ گاندھی نگر کے قریب رہائش پذیر تھیں۔
رواں سال اپنی والدہ کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر نریندر مودی نے ایک بلاگ لکھا جس کا مضمون ’ماں‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج میں خوشی کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں کہ میری والدہ 18 جون کو اپنے سوویں سال میں داخل ہو رہی ہیں۔ میرے والد اگر آج ہوتے تو وہ بھی گزشتہ ہفتے 100 سال کے ہو چکے ہوتے۔’
انہوں نے اپنی زندگی کے لیے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میری زندگی میں جو کچھ ہے، میری شخصیت میں جو بھی اچھا ہے، وہ ماں اور باپ کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ آج جب میں دہلی میں بیٹھا ہوں تو کتنا کچھ پرانا یاد آ رہا ہے۔‘