فٹبال کے عظیم کھلاڑی پیلے چل بسے
برازیلی فٹ بال اسٹار پیلے گزشتہ شب انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی عمر 82 برس تھی اور وہ گزشتہ سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
عظیم کھلاڑی کی بیٹی نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔ اس کے عبد صرف برازیل ہی نہیں بلکہ پوری دنیا عظیم کھلاڑی کے بچھڑنے پر غمگین ہوگئی۔ پیلے کی شخصیت کے سب ہی گرویدہ تھے۔ ان کا تعلق ایک ایسے ملک سے تھا جہاں نسل پرستی اپنے عروج پر ہوا کرتی تھی مگر پیلے نے اپنی شخصیت اور کھیل سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی تھی۔ آج برازیل کے باسیوں کے لیے پیلے صرف فٹبالر نہیں بلکہ وہ ایک لیجنڈ سے بھی کئی گنا زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اس کھیل کی مدد سے اپنے ملک میں سب کو یکجا کردیا تھا۔ سیاہ فام ہونے کے باوجود انہوں نے جو مقام لوگوں کے دل میں اپنے لیے پیدا کیا تھا اس نے کافی حد تک برازیل میں نسل پرستی کے رجحان کو کم کیا تھا۔
پیلے کی حب الوطنی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں دنیا بھر کے بڑے کلبز سے معاہدوں کی پیش کش ہوئی لیکن انہوں نے کم آمدنی ہونے کے باوجود زندگی بھر برازیلی کلب سانتوس سے ہی کھیلا۔
غریب ملک ہونے کے باوجود برازیل میں فٹبال کا جنون عروج پر ہے اور اس جنون کو لوگوں میں پیدا کرنے میں سب سے اہم کردار پیلے کا ہے۔ اپنے کیریئر میں وہ غریب بچوں میں فٹبال کے جنون کے فروغ کے لیے کافی سرگرم رہے۔ پیلے نے سیاست کی دنیا میں بھی قدم رکھا۔ برازیل میں آمریت کے دور میں پیلے متعدد بار زیرِ تفتیش آئے لیکن 90 کی دہائی میں انہوں نے کھیل کی وزارت سنبھالی تو وہ متعدد اصلاحات لے کر آئے۔ البتہ محکمے میں بدعنوانی سے تنگ آکر انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بعدازاں وہ امن کے سفیرکے طور پر متعدد مواقع پر عالمی سیاسی منظرنامے میں نظر آئے جس میں یوکرین جنگ کے حوالے سے روسی صدر کو خط بھیجنا بھی شامل ہے۔ 2014 میں برازیل میں کھیلے جانے والے عالمی کپ سے قبل جب برازیل میں فسادات پُھوٹ پڑے تھے تب پیلے نے ایونٹ کے انعقاد اور مشتعل عوام کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
10 نمبر کی جرسی پہننے والے پیلے کی جگہ کوئی نہیں لے پایا۔ برازیل ایک ایسا ملک ہے جہاں سے فٹبال کے بڑے بڑے ناموں نے دنیا میں اپنے کھیل کا لوہا منوایا۔ 10 نمبر کی شرٹ پہننے والے ان بہترین کھلاڑیوں میں رونالڈینیو، کاکا اور نیمار کے نام نمایاں ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی فٹبال میں اپنی الگ جگہ ضرور ہے مگر 10 نمبر کی شرٹ میں پیلے نے جو کھیل پیش کیا وہ کھیل دنیا کا کوئی کھلاڑی پیش نہیں کرپایا۔
فٹبال کی دنیا میں جیسا شاندار کیریئر پیلے کا تھا اب تک کسی کھلاڑی کو نصیب نہیں ہوا۔ وہ 3 بار عالمی کپ کی ٹرافی اٹھانے والے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب کبھی بھی فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں کی بحث چِھڑتی ہے تو پیلے کا نام اس فہرست میں سب سے اوپر ہوتا ہے۔ پیلے کا کیریئر کئی شاندار ریکارڈز سے مزین ہے۔
پیلے نے کلب اور برازیل کی قومی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے 812 میچوں میں سب سے زیادہ 757 گولز اسکور کیے تھے جو ریکارڈ دہائیوں تک ان کے نام رہا۔ پھر کرسٹیانو رونالڈو نے یہ ریکارڈ توڑا تھا۔ پیلے برازیل کے لیے 77 گولز کرنے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ اگرچہ حال ہی میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ میں پیلے کا یہ ریکارڈ نیمار نے برابر کردیا ہے۔
پیلے نے عالمی کپ میں برازیل کے لیے 12 گولز اسکور کیے۔ کسی بھی برازیلی کھلاڑی نے آج تک عالمی کپ میں اتنے گولز اسکور نہیں کیے ہیں۔ عالمی کپ کے فائنل میں گول اسکور کرنے والے وہ 17 سال کے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔ پیلے نے ایک عالمی کپ میں 6 اسسٹ کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا جو آج بھی کوئی کھلاڑی توڑ نہیں سکا۔
فٹبال کے نامور کھلاڑیوں اور کلبز نے پیلے کے انتقال پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کھلاڑیوں میں نیمار، مباپے، میسی اور رونالڈو شامل ہیں۔ فیفا کے صدر نے بھی پیلے کو شاندار الفاظ میں یاد کیا جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی پیلے کی خدمات کا اعتراف کیا۔