آئی ایم ایف پروگرام کے نویں جائزے کی تکمیل کی توقع پر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی
عالمی مالیاتی فنڈ کے نویں جائزے کی تکمیل کے بارے میں مثبت خبر کی امید میں آج کراچی اسٹاک انڈکس میں تیزی رہی۔
پی ایس ایکس میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 673 پوائنٹس یا 1.69فیصد اضافے کے بعد 40 ہزار 420 .پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے کہا کہ حکومت نے تاخیر کے ساتھ ہی صحیح لیکن اب درآمدی پابندیاں ہٹاتے ہوئے اور رعایتی قرضوں میں کمی کی ہے۔ اس طرح آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنا شروع کردیا ہے۔
مارکیٹ شاید ان ہی اقدامات کو دیکھتے ہوئے طاقت پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تیزی کے پیچھے سال کے آخر میں ونڈو ڈریسنگ حکمت عملی کا عنصر بھی ہو سکتا ہے۔
ڈان ڈاٹ کام سے بات کرنے والے 2 دیگر معاشی تجزیہ کاروں نے بھی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کی وجہ سال کے آخر میں کی جانے والی خریداری کو قرار دیا۔ ابا علی حبیب سیکیورٹیز سے منسلک سلمان نقوی نے کہا کہ مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سال کے آخر میں ہونے والی خریداری بنیادی وجہ ہے۔ ادارے اپنی بیلنس شیٹس کو بہتر بنانے کے لیے یہ شیئرز خریدتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کو یہ بھی توقع ہے کہ آئی ایم ایف کا نواں جائزہ آئندہ سال کے آغاز میں مکمل ہو جائے گا جس سے پاکستان کے گرتے غیر ملکی ذخائر کو سہارا دینے کے لیے مختلف ممالک اور کثیرالجہتی عالمی قرض دہندگان کی جانب سے ڈالر کی آمد شروع ہوجائے گی۔
اگر آئی ایم ایف کا نواں جائزہ مکمل ہو جاتا ہے تو ڈیفالٹ کے خدشات کم ہو جائیں گے جب کہ چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک اور عالمی بینک جیسے کثیرالجہتی عالمی قرض دہندہ ادارے امداد فراہم کریں گے اور ملک کی معاشی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔