سعودی کلب کے ساتھ رونالڈو کا تاریخی معاہدہ

  • ہفتہ 31 / دسمبر / 2022

گزشتہ ماہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے والے 37 سالہ فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے  سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔

سوشل میڈیا پر النصر فٹ بال کلب نے پرتگال کے کپتان کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کیں۔ سعودی کلب سے ڈھائی سال کے معاہدہ کی مد میں پرتگالی کھلاڑی کو ایک اندازے کے مطابق سالانہ 175 ملین یوروز ادا کیے جائیں گے۔ جو کسی بھی اسپورٹس میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

اس سے قبل کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سابق کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے خلاف برطانوی صحافی پیئرس مورگن کو ایک انٹرویو دیا تھا جس کے بعد کلب نے ان کا کانٹریکٹ منسوخ کردیا تھا۔ تب سے کرسٹیانو رونالڈو کو ایک نئے فٹ بال کلب کی تلاش تھی۔ النصر کلب انتظامیہ نے رونالڈو کی آمد پر بیان جاری کرتے ہوئے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا ۔ اس معاہدے سے نہ صرف ان کا کلب کامیابیوں کی مزید منزلیں طے کرے گا بلکہ ان کی فٹ بال لیگ، ان کی قوم اور آنے والی نسلوں کو بھی رونالڈو سے سیکھنے کا موقع ملےگا۔

خود کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ بھی ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ کا تجربہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ یورپی فٹ بال میں اپنے کریئر سے مطمئن ہیں۔ جہاں انہوں نے لاتعداد کامیابیاں حاصل کیں اور اب وہ ایک مختلف تجربے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے خیال میں یورپ سے ایشیا آنے کا ان کا فیصلہ درست ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو فیلڈ پر تو اپنے کلب کی نمائندگی کریں گے۔ اس کے علاوہ  2030 کے فٹ بال ورلڈ کپ کو سعودی عرب لانے کی کوشش میں وہ سفیر کا کردار بھی ادا کریں گے۔

رونالڈو کی آمد کا سن کر نہ صرف سوشل میڈیا پر النصر کے فالوورز کی تعداددگنی ہوگئی بلکہ النصر کلب کی شرٹ کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصویر کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کو بدستور سات نمبرشرٹ پہننے کو ملے گی اور اسی لیے ان کےسعودی عرب میں چاہنے والوں نے اس شرٹ کو خریدنا شروع کردیا ہے۔

النصر کلب کے مداح پر امید ہیں کہ جب کیمرون کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک لے جانے والے ونسنٹ ابوبکر اور کرسٹیانو رونالڈو فیلڈ پر ایک ساتھ ہوں گے تو ان کی ٹیم ناقابلِ تسخیر بن کر سامنے آئے گی۔

کرسٹیانو رونالڈو کا کانٹریکٹ نہ صرف فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے بلکہ کسی بھی اسپورٹس میں اس سے بڑا کانٹریکٹ کبھی بھی کسی کھلاڑی کو نہیں ملا۔

اسپورٹس صحافی فیبریزیو رومانو کے مطابق رونالڈو کو جو کانٹریکٹ ملا ہے، اس میں اگر اشتہاروں کی ڈیل کو شامل کیا جائے تو اس کی مالیت دو سو ملین یوروز سالانہ بنتی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت تک سال میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے ایتھلیٹ لیونل میسی کو ان کا کلب 103 ملین یوروز دیتا ہے جو  رونالڈو سے کافی کم ہے۔ مایہ ناز باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز 101 ملین یوروز ، ٹینس اسٹار راجر فیڈرر 76 ملین یوروز اور فٹ بالر نیمار 73 ملین یوروز کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔ رونالڈو اس معاہدے کے تحت اگلے ڈھائی سال میں  847 ملین یوروز کمائیں گے۔

 ناقدین رونالڈو کے ایسے اقدام پر خوش دکھائی نہیں دیتے۔ اُن کے بقول رونالڈو نے سعودی کلب سے معاہدہ کر کے اپنے صف اول کے کریئر کو ختم کر لیا ہے۔ بعض کا کہنا ہے کہ چیمپئنز لیگ جیسے بڑے ٹورنامنٹ پر بڑے چیک کو ترجیح دے کر رونالڈو نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اب وہ ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں اور کریئر کے آخری چند برسوں میں وہ زیادہ دولت کمانا چاہتے ہیں۔