صدر مملکت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل پر دستخط کرنے سے انکار کردیا

  • اتوار 01 / جنوری / 2023

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے قانون میں ترامیم کا بل بغیر دستخط کے واپس بھیج دیا ہے۔

ایوان صدر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدرعارف علوی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022 کو آئین کے آرٹیکل 75 کی شق (ون) (بی) کے تحت بغیر دستخط کے واپس کردیا ہے۔ بل یہ کہہ کر واپس کردیا گیا کہ اس سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی۔ وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر ہوئی جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔

صدر عارف علوی کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے غلط اقدامات کی وجہ سے اسلام آبادکیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں انتخابات نہیں ہو سکے۔ ترمیمی بل میں یونین کونسلوں کی تعداد میں اضافے کے علاوہ میئر اور ڈپٹی میئر کے دفاتر کے لیے براہ راست انتخابات کا کہا گیا۔

ترمیم شدہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری قانون کی دفعہ 6 (1) کے تحت اسلام آباد میں 125 یونین کونسلز ہوں گی۔ وفاقی حکومت وزارت داخلہ کی سفارش پر سرکاری گزٹ میں نوٹی فکیشن کے ذریعے وقتاً فوقتاً یونین کونسل کی تعداد میں اضافہ یا کمی کر سکتا ہے۔ اسی طرح متبادل سیکشن 12 (3) کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا الیکشن براہ راست ہوگا، دونوں عہدوں کے لیے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا۔

دفعہ 11 کے تحت میئر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخاب کے لئے ووٹنگ یونین کونسل کے الیکشن کے روز ہی ہوگی۔