متنازع ٹوئٹ کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت منظور ہوگئی

  • سوموار 02 / جنوری / 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

چیف اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی سینیٹر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کی ہے۔ قبل ازیں بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت عالیہ نے اعظم سواتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو فوجی افسران کے خلاف متنازع ٹوئٹ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گرفتار کیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے 21 دسمبر کو اعظم سواتی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ اس سے قبل بھی انہیں 12 اکتوبر کو آرمی چیف کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ  سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سماعت کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ اسپیشل پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سینیٹر کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس معاملے پر ایف آئی اے کا کیا مؤقف ہے جس پر ایف آئی اے کے وکیل نے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر نہیں آسکے۔ استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے جس پر عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی اور دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

سینیٹر اعظم سواتی کی درخواستِ ضمانت منظوری کے بعد اپوزیشن لیڈر سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک کے تمام ادارے اس کی اور اس کے عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔