الیکشن کمیشن عمران خان و دیگر پارٹی رہنماؤں کے خلاف توہینِ کی کارروائی کرسکتا ہے: سپریم کورٹ

  • منگل 03 / جنوری / 2023

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، پارٹی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے درخواست میں توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف ہائی کورٹس کے حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔

 چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللّٰہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے بعد عمران خان سمیت اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔ جس کا تفصیلی فیصلہ آج جاری کردیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن، تحریک انصاف کے اعتراضات پربھی قانون کے مطابق فیصلہ کرے کیونکہ کسی ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے۔ الیکشن ایکٹ کمیشن کو کارروائی کے لیے بااختیار بناتا ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کارروائی کا اختیار دینے کی دفعہ چیلنج کر رکھی ہے۔ رائج قانون چیلنج ہو تو بھی اس پرعملدرآمد سے روکا نہیں جاسکتا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر حتمی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن میں رکن سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں عمران خان ، فواد چوہدری کی جانب سے معاون وکیل علی بخاری پیش ہوئے۔ دوران سماعت انہوں نے مؤقف اپنایا کہ فواد چوہدری کی والدہ شدید علیل ہیں، وہ لاہور کے ہسپتال میں ہیں۔ فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری ہی اس کیس میں وکیل ہیں، دونوں بھائی والدہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو ابھی تک سفر کی اجازت نہیں ملی۔ ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ عمران خان کا میڈیکل ہے کہ وہ سفر کے قابل نہیں جس پر وکیل علی بخاری نے کہا کہ وہ میں جمع کرا دیتا ہوں۔ ممبر کمیشن نے کہا کہ آپ نے ابھی تک شو کاز کا جواب نہیں دیا یا حاضری سے استثنی کی درخواست جمع کرا دیں۔

اسد عمر کے وکیل انور منصور نے کہا کہ اسد عمر آج آ رہے تھے لیکن وہ نہیں آسکے، شو کاز نوٹس کے خلاف ہم نے درخواست دی ہے۔ تینوں ایک نوعیت کے کیسز ہیں، اکھٹے ہی سماعت ہوگی، اگلی تاریخ پر شو کاز کا لازمی جواب دے دوں گا۔ پہلی مرتبہ توہین عدالت کا مسئلہ ہوا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پہلے بھی توہین عدالت کا نوٹس ہوا تھا۔ انہوں نے معذرت کی تھی، شو کاز نوٹس کا جواب دیں۔

رواں سال اگست میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔