کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے: وزیر داخلہ

  • جمعرات 05 / جنوری / 2023

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر مذاکرات ہوں گے تو افغانستان حکام کے ساتھ ہوں گے کسی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان طالبان حکام کی طرف سے پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں ملوث داعش کے دہشت گردوں کی ہلاکت پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک وزارت خارجہ اس معلومات کی تصدیق نہیں کرتی اس وقت یہ صرف معلومات ہی رہے گی۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ قومی سلامی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ ریاست مخالت سرگرمیاں کرنے والی کسی تنظیم یا جماعت سے مذاکرات نہیں ہوں گے کیونکہ ماضی میں بھی اس کا کوئی اثر نہیں ہوا، لہٰذا اگر مذاکرات ہوں گے تو افغانستان حکام کے ساتھ ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر وہ پاکستانی جو کسی وجہ سے بھی کسی ایسے عمل کا شکار ہوا جو قانون و آئین کے خلاف ہے تو اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے اس عمل کی بنیاد پر قانونی طریقہ کار سے گزرے اور ریاست کو یقین دہانی کرائے کہ وہ ریاست کے وجود، آئین اور قانو کو تسلیم کرتا ہے۔  کسی بھی ایسی تنظیم یا جماعت سے مذاکرات نہیں ہوں گے جو ریاست اور اس کے شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہو۔