آئی ایم ایف کا وفد تین روز میں پاکستان آئے گا: وزیر اعظم شہباز شریف

  • جمعہ 06 / جنوری / 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اگلے تین دنوں میں ٹیم پاکستان بھیجنے کا کہا ہے۔

ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل چینی وزیراعظم نے فون پر بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر دورہ چین پر آئی تھیں، جن کو ہم نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست نہیں بلکہ برادر ملک ہے تو آپ بھی پاکستان کا ساتھ دیں۔

کل رات آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کا فون آیا جن کو میں نے بتایا کہ گزشتہ حکومت نے جو معاہدہ توڑ دیا اور پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچا دیا تھا، مخلوط حکومت نے پورا زور لگا کر اس معاہدے کو مکمل کیا اور ہم شرائط پر مکمل عمل کریں گے۔ لیکن غریب شہریوں پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، اس میں ہماری مدد کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سربراہ کو درخواست کی کہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف نہیں جارہا۔ آپ اپنی ٹیم بھیجیں تاکہ وہ نویں جائزے کو مکمل کرکے قرض کی قسط جاری کریں جس پر سربراہ نے جواب دیا کہ اگلے تین چار دنوں میں ٹیم پاکستان پہنچے گی۔ آئی ایم ایف سربراہ نے پوچھا کہ پاکستان کے دوست ممالک بالخصوص چین اور سعودی عرب کی کیا صورتحال ہے جس پر میں نے انہیں کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جس طرح دیگر منصوبوں میں غفلت کی، اسی طرح گیس اور بجلی کے منصوبوں میں بھی بدترین غفلت کی۔ جب کورونا وائرس آیا تو مارکیٹ میں گیس کی قیمت فی یونٹ 2 ڈالر تھی مگر یہ (عمران خان) شخص ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا رہا کیونکہ اس کو پاکستانی عوام سے کوئی لگاؤ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس شخص کو عوام سے لگاؤ ہوتا تو گالی گلوچ اور انتقامی کارروائیاں، ظلم و زیادتی چھوڑ کر عوامی خدمت کے منصوبے لگاتا۔ میں نے کچھ دن پہلے سوچ سمجھ کر کہا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں عمران خان سے بڑا محسن کش، منافق اور ناشکرا انسان نہیں دیکھا اور اس کی باتوں اور تقاریر سے یہ بات واضح ہو رہی ہے کہ اس سے بڑا محسن کش پاکستان میں پیدا نہیں ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی لینا دینا نہیں کہ سابق سپہ سالار قمر جاوید باجوہ نے کس طرح ان کی مدد کی اور وہ سب کچھ آج سامنے آرہا ہے۔ جس شخص نے پوری قوت کے ساتھ عمران نیازی کو اقتدار پر بٹھایا اور چار برس تک افواج پاکستان کے ادارے نے تمام قوتیں اور صلاحیتیں جھونک دیں کہ کسی طرح عمران نیازی کامیاب ہوجائے اور یقیناً ان کا خیال تھا کہ اس سے پاکستان آگے بڑھے اور ترقی کرے۔

اس ادارے نے تمام کاوشیں جھونک دیں کہ عمران نیازی کامیاب ہو اور اس طریقے سے پاکستان ترقی کرے لیکن عمران نیازی کی بدقسمتی کہ چار سال پوری حمایت کے باوجود ناکام وزیراعظم نکلا۔ جنہوں نے ان کو مسند اقتدار پر بٹھایا آج ان پر ہی الزام تراشی کر رہا ہے۔

توانائی کی بچت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے گزشتہ کئی دنوں سے کابینہ میں اس پر بحث کی اور مارکیٹیں جلدی بند کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ توانائی کی بچت ہو۔ میں بھی تاجروں کی بات کرتا ہوں، وہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں مگر مشکل آگئی ہے تو تاجر بھائیوں سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ بجلی کی بچت ہو جس سے ڈالر بچیں گے۔