ہیتھرو ائیرپورٹ پر پاکستان سے آنے والے کارگو میں یورینیئم سے آلودہ دھات برآمد

  • بدھ 11 / جنوری / 2023

گزشتہ ماہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر یورینیئم سے آلودہ دھات کا ٹکڑا ملنے کے واقعے پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس کی انسداد دہشت گردی کمانڈ کے افسران کو اس ضمن میں 29 دسمبر کو کو سکیورٹی الرٹ موصول ہوا تھا۔ برطانیہ کے اخبار ’دی سن‘ نے سب سے پہلے یہ خبر دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یورینیئم پاکستان سے آیا تھا۔  

بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ انکوائری میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ پورا واقعہ ’ناقص ہینڈلنگ‘ کا نتیجہ تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو اس سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔  بی بی سی کو پتا چلا ہے کہ یورینیئم سے آلودہ دھات کا ٹکڑا سکریپ میٹل کی کھیپ سے ملا تھا۔

’دی سن‘ کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ پر تشویش اس وقت پیدا ہوئی جب جدید سکینرز نے ایک دھات پر یورینیئم کا پتہ لگایا۔

میٹروپولیٹن پولیس نے کہا کہ ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ کاؤنٹر ٹیررازم کمانڈ کے افسران سے ہیتھرو ایئرپورٹ پر موجود بارڈر فورس کے اہلکاروں نے اس وقت رابطہ کیا جب برطانوی ایئرپورٹ پر آنے والے ایک پیکج کے اندر معمول کی سکریننگ کے دوران آلودہ مواد کی نشاندہی ہوئی۔

فورس کی انسداد دہشت گردی ٹیم کے کمانڈر رچرڈ سمتھ نے بی بی سی کو بتایا کہ اگرچہ ہماری تحقیقات ابھی تک جاری ہیں، لیکن اب تک کی تفتیش سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ اس معاملے میں کوئی خطرے کی بات نہیں ہے۔صویر

یاد رہے کہ عالمی سطح پر یورینیئم سمیت خطرناک مادوں کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی سخت پروٹوکول اور شرائط کے تحت کی جاتی ہے۔ یورینیئم تابکار مادہ ہے جو قدرتی طور پر پایا جاتا ہے۔ یہ وہی مادہ ہے جسے جب افزودہ کر لیا جائے تو یہ جوہری ہتھیاروں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔